ترواننت پورم، 4 جنورى (يو اين آئى) وزيراعظم من موہن سنگھ نے کہا ہے کہ اى ۔ خواندگى مہم کے نفاذ سے کيرالہ کى پسماندہ آبادى کا معيار زندگى بہتر ہوسکے گا اور آبادى کے درميان خليج بھى پاٹى جاسکے گى۔
يہاں کناکا کنو محل ميں مکمل اى خواندگى پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے وزيراعظم نے کہا کہ اس پروگرام سے کيرالہ کے عام لوگوں کو سوشل ميڈيا پر خيالات اور اطلاعات کے تبادلہ ميں شريک ہونے کا موقع ملے گا۔
ہميں اس پہل کو پورےملک ميں لے جانے کى ضرورت ہے اس سے حکومت کے عدم ارتکاز خدمات کى بہتر فراہمى، تعليم، ماليات کے شعبوں ميں مدد ملے گى۔
يہ پروگرام پى اين پانيکر وگيان وکاس کيندر چلارہا ہے۔
وزيراعظم نے کہا کہ اس پروگرام سے نوجوانوں کو پيداوارى روزگار کے مواقع کے لئے خود کو بہتر طورپر تيار
کرنے ميں مدد ملے گى۔
اس کے ذريعہ کميونٹى کى کوششوں کى کاميابيوں سے متعارف کرانے ميں مدد ملے گى۔
انہوں نے کيرالہ ميں خواندگى کى تحريک کى کاميابى کى تعريف کرتے ہوئے کہاکہ يہ رياست کے ايک عظيم سپوت پى اين پانيکر کى دين ہے۔ آج کے تيز رفتار مواصلات اور انٹرنيٹ کے دور ميں ہم تصور کرسکتے ہيں کہ اس شخص نے کتنى دشواريوں کا سامنا کيا ہوگا جس نے پچھلى صدى کے پہلے نصف ميں شمالى کيرالہ کے ايک چھوٹے سے گاوں ميں جہالت دور کرنے کے لئے ايک شمع جلائى تھى اور پھر پورى رياست ميں اس پيغام کو پھيلا يا تھا۔
بعد ميں کيرالہ ميں ايک عوامى ثقافتى تحريک چلائى گئى جس کے اختتام پر رياست نے 1990 کى دہائى ميں مکمل خواندگى حاصل کى ۔ کئى سماجى مورخ خواندگى کى مہم کو کيرالہ کى ترقى کے نمونے کى بنياد سمجھتے ہيں۔